مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی ۔ خطیب جمعہ نے پارلیمنٹ اور خبرگان کونسل کے انتخابات میں بھر پور شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام بیدار اور ہوشیار ہیں اور انھوں نے انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے ایک بار پھر سامراجی طاقتوں کے شوم منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے۔ آیت اللہ خاتمی نے عوامی منتخب نمائندوں پر زوردیا ہے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کو بہتر بنانے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں ۔
آیت اللہ خاتمی نے سعودی عرب کے زیر اثرخلیج فارس کی عرب ریاستوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کے ہاتھ مضبوط بنانے کی کوششوں کو ترک کردیں اور اسرائیل مخالف محاذ کے خلاف معاندانہ سازشوں کو بند کردیں ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور اسرائیل کے حامی اس کے ہمراہ نابود ہوجائیں گے۔
آیت اللہ خاتمی نے عالم اسلام اور عالم عرب کے لئے مایہ ناز اسلامی تنظیم حزب اللہ لبنان کو سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی طرف سے دہشت گرد قراردینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی عرب ملکوں کو اسرائیل کا تعاون کرنے کا سنگین تاوان ادا کرنا پڑےگا۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور خلیج فارس کی عرب ریاستوں کا اسرائیل کے ساتھ تعاون ان ممالک کے لئے باعث شرم ہے اور عرب عوام اپنے خائن، امریکہ و اسرائیل کے غلام اور مزدورحکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے اور سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی خیانت تاریخ میں جلی حروف کے ساتھ ثبت ہوجائے گی۔
آپ کا تبصرہ